19 فروری، 2026، 11:38 AM

ماہ مبارک رمضان کی فضیلت، پہلے دن کے اعمال

ماہ مبارک رمضان کی فضیلت، پہلے دن کے اعمال

ماہ رمضان مبارک وہ مہینہ ہے جو برکت، رحمت اور مغفرت سے بھرپور ہے اور نیکیوں کا کئی برابر ثواب ملتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، ثقافتی ڈیسک: رمضان مبارک خدائے تعالیٰ کا مہینہ ہے اور یہ سارے مہینوں سے افضل ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں آسمان جنت اور رحمت کے دروازے کھل جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔ اس مہینے میں ایک رات ایسی بھی ہے، جس میں عبادت کرنا ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے۔

ماہ رمضان کی فضیلت

حضرت امام علی رضاؑ نے اپنے آبائے طاہرینؑ کے واسطے سے امیر المؤمنینؑ سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا: ایک روز رسولؐ اللہ نے ہمیں خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ: اے لوگو! تمہاری طرف رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ آرہا ہے، جس میں گناہ معاف ہوتے ہیں۔ یہ مہینہ خدا کے ہاں سارے مہینوں سے افضل و بہتر ہے۔ جس کے دن دوسرے مہینوں کے دنوں سے بہتر، جس کی راتیں دوسرے مہینوں کی راتوں سے بہتر اور جس کی گھڑیاں دوسرے مہینوں کی گھڑیوں سے بہتر ہیں۔ یہی وہ مہینہ ہے جس میں حق تعالیٰ نے تمہیں اپنی مہمان نوازی میں بلایا ہے اور اس مہینے میں خدا نے تمہیں بزرگی والے لوگوں میں قرار دیا ہے کہ اس میں سانس لینا تمہاری تسبیح اور تمہارا سونا عبادت کا درجہ پاتا ہے۔ اس میں تمہارے اعمال قبول کیے جاتے اور دعائیں منظور کی جاتی ہیں۔

مزید فرمایا کہ اے لوگو! اس میں شک نہیں کہ تمہاری جانیں گروی پڑی ہیں، تم خدا سے مغفرت طلب کر کے ان کو چھڑانے کی کوشش کرو۔ تمہاری کمریں گناہوں کے بوجھ سے دبی ہوئی ہیں تم زیادہ سجدے کر کے ان کا بوجھ ہلکا کرو کیونکہ خدا نے اپنی عزت و عظمت کی قسم کھا رکھی ہے کہ اس مہینے میں نمازیں پڑھنے اور سجدے کرنے والوں کو عذاب نہ دے اور قیامت میں ان کو جہنم کی آگ کا خوف نہ دلائے۔ اے لوگو! جو شخص اس ماہ میں کسی مؤمن کا روزہ افطار کرائے تو اسے گناہوں کی بخشش اور ایک غلام کو آزاد کرنے کا ثواب ملے گا۔

آنحضرتؐ کے اصحاب میں سے بعض نے عرض کی یا رسولؐ اللہ! ہم سب تو اس عمل کی توفیق نہیں رکھتے۔ تب آپؐ نے فرمایا کہ تم افطار میں آدھی کھجور یا ایک گھونٹ شربت دے کر بھی خود کو آتشِ جہنم سے بچا سکتے ہو۔ کیونکہ حق تعالیٰ اس کو بھی پورا اجر دے گا جو اس سے کچھ زیادہ دینے کی توفیق نہ رکھتا ہو۔

مزید فرمایا کہ اے لوگو! بے شک اس ماہ میں جنت کے دروازے کھلے ہوئے ہیں، پس اللہ تعالیٰ سے دعا کرو کہ وہ انہیں تم پر بند نہ کرے۔ دوزخ کے دروازے اس مہینے میں بند ہیں، پس خدائے تعالیٰ سے سوال کرو کہ وہ انہیں تم پر نہ کھولے۔ اور شیطانوں کو اس مہینے میں زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے، پس خدا سے سوال کرو کہ وہ انہیں تم پر مسلط نہ ہونے دے۔

شیخ صدوقؒ نے روایت کی ہے کہ جب ماہِ رمضان داخل ہوتا تو رسولؐ اللہ تمام غلاموں کو آزاد فرما دیتے، اسیروں کو رہا کر دیتے اور ہر سوالی کو عطا فرماتے تھے۔

ماہ رمضان کے پہلے دن کے اعمال

آب جاری میں غسل کرنا اور تیس چلو پانی سر میں ڈالنا کہ یہ سال بھر تک تمام دردوں اور بیماریوں سے محفوظ رہنے کا موجب ہے۔

ایک چلو عرق گلاب اپنے چہرے پر ڈالے تاکہ ذلت وپریشانی سے نجات ہو اور تھوڑا سا عرق گلاب سرمیں ڈالے کہ سال بھر سرسام سے بچا رہے۔

اول ماہ کی دو رکعت نماز پڑھے اور صدقہ دے۔

دو رکعت نماز پڑھے جس کی پہلی رکعت میں سورۂ حمد کے بعد سورۂ انا فتحنا اور دوسری رکعت میں سورۂ حمد کے بعد کوئی سورہ پڑھے تاکہ خدائے تعالیٰ اس سال تمام برائیوں کو اس سے دور رکھے اور آخر سال تک اس کی حفاظت کرے۔

طلوع فجر کے بعدیہ دعا پڑھے:

اَللّٰھُمَّ قَدْ حَضَرَ شَھْرُ رَمَضَانَ
وَقَدِ افْتَرَضْتَ عَلَیْنَا صِیَامَہٗ
وَٲَنْزَلْتَ فِیْہِ الْقُرْاٰنَ ھُدًى لِلنّاسِ
وَبَیِّنَاتٍ مِنَ الْھُدٰی وَالْفُرْقَانِ
اَللّٰھُمَّ ٲَعِنَّا عَلٰی صِیَامِہٖ
وَتَقَبَّلْہُ مِنّا، وَتَسَلَّمْہُ مِنّا
وَسَلِّمْہُ لَنَا فِیْ یُسْرٍ مِنْكَ وَعَافِیَۃٍ
اِنَّكَ عَلٰی كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ۔

صحیفۂ کاملہ کی چوالیسویں دعا اگر اس ماہ کی پہلی رات میں نہ پڑھ سکے تو آج کے دن میں پڑھے۔

ماہ رمضان کے دنوں میں پڑھی جانے والی مشترک اور پہلے دن کی مخصوص دعائیں جو مفاتیح الجنان اور دعاؤں کی دوسری کتابوں میں منقول ہیں۔ قارئین ان کتابوں کی طرف رجوع کرسکتے ہیں۔
 

News ID 1938132

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha