مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل علی فدوی نے شہید محسن فخری زادہ کے قتل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے شہید محسن فخری زادہ کے قتل کے لئے دور سے کنٹرول ہونے والے خود کار اسلحہ کا استعمال کیا۔
جنرل فدوی نے یوم طلباء کی مناسبت سے تہران یونیورسٹی میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی طاقتون اور باطل کی سرپرستی امریکہ کے ہاتھ میں ہے اور حق و باطل کا معرکہ جاری ہے اور جاری رہےگا۔
جنرل فدوی نے شہید محسن فخری زادہ اور دیگر شہداء کے بہیمانہ قتل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے مختلف کارروائیوں میں 17 ہزار ایرانی شہریوں کو شہید کیا ہے اورعالمی شیطانی طاقتیں، ایران کی علمی اور سائنسی ترقی کو روکنے کے لئے آج بھی ایرانی دانشوروں اور سائنسدانوں کواپنی بربریت کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں صرف دو ہی پارٹیاں ہیں ایک حزب اللہ ہے اور دوسری حزب شیطان ہے اور دونوں پارٹیوں کے درمیان معرکہ جاری ہے اور جاری رہےگا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب ، حقیقی اور خالص اسلام کا مظہر اور آئینہ دار ہے اور انقلاب اسلامی کے ساتھ امریکہ کی دشمنی بھی ایران کے اسلامی انقلاب کے حقیقی اسلام ہونے کا مظہر ہے۔
جنرل فدوی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے ساتھ گذشتہ 41 سال میں ہونے والی دشمنی تاریخ میں بے نظیر ہے۔ دشمن ، ایران کی علی اور سائنسی ترقی کو روکنا چاہتا ہے لیکن ایران نے اس میدان میں بھی دشمن کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔ انھں نے کہا کہ ہمیں معاشی مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں ملک کی اندرونی صلاحیتوں اور توانائیوں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ