مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک خودکش ڈرون حملے کے نتیجے میں اس کے 4 فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں ایک ریزرو اہلکار زخمی ہوا، جبکہ دیگر تین فوجیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ تاہم فوج نے حملے کے مقام اور اس کی تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے یکے بعد دیگرے کئی بیانات جاری کرتے ہوئے اسرائیلی فوج اور اس کے عسکری سازوسامان کو نشانہ بنانے والی 8 میزائل اور ڈرون کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی۔ حزب اللہ کے مطابق یہ حملے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے ایک افسر کی ہلاکت اور 7 فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی، جبکہ عبرانی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا تھا کہ یہ نقصان بھی حزب اللہ کے ڈرون حملے کا نتیجہ تھا۔
عبرانی اخبار ہاآرتص کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے محاذ پر حالیہ مرحلے کے آغاز سے اب تک کم از کم 27 اسرائیلی افسران اور فوجی ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ