مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی انٹیلی جنس کے وزیر اسماعیل خطیب کا کہنا ہے کہ ملک دشمن بیرونی عناصر جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی میں، ایرانی انٹیلی جنس فورسز نے جنوب مشرقی صوبے میں تکفیری دہشت گردوں کے ایک نیٹ ورک کو تباہ کردیا اور ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا ایک بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا۔
اسماعیل خطیب نے کہا کہ دشمنوں نے ہمیشہ فتنہ انگیزی اور سازشیں کرنے کی کوشش کی ہے۔ آج، یہ دہشت گردانہ کارروائیاں بیرونی ایجنٹوں کے ذریعے کی جاتی ہیں جن کا تعلق اس علاقے سے نہیں ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دشمن اختلاف اور نا امنی پیدا کرنے کے ہر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہیں، لیکن ایران کے عوام نے ہمیشہ بیداری اور اتحاد کے ساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کیا ہے، ہمیں پہلے سے زیادہ ہوشیار رہنا چاہیے اور دشمنوں اور بیرونی عناصر کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔
بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد گروپ سے تعلق رکھنے والے ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کے چار گوداموں کو تباہ کر دیا گیا۔
ایران کے جنوب مشرقی اور جنوب مغربی حصوں میں ملکی مفادات کے خلاف حملے کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کا تعلق غیر ملکی انٹیلی جنس سروسز سے ہے۔
آپ کا تبصرہ