مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ کی وزارت خارجہ کے ایشیا اور بحر الکاہل کےڈائريکٹر ابراہیم رحیم پور کےمطابق ایران کے صدر حسن روحانی کی حلف برداری کی تقریب کل بروز سنیچر منعقد ہوگی جسمیں 85 ممالک کی 131 شخصیات شرکت کریں گی ۔
انھوں نے کہا کہ کئي ممالک کے مہمان ایرانی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے تہران پہنچ گئے ہیں جن میں شمالی کوریا کے صدر بھی شامل ہیں۔
رحیم پور نے کہا کہ ایرانی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں 85 ممالک کی 131 شخصیات اور بین الاقوامی اداروں کے آثھ نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ ابراہیم رحیم پور کے مطابق حلف برداری کی گذشتہ تقریب میں 47 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔
رحیم پور نے کہا کہ آٹھ ممالک کے صدور اس تقریب میں شرکت کریں گے جن میں شمالی کوریا، عراق، آرمینیا، مولداوی ، زیمبابوے اور افغانستان کے صدور بھی شامل ہیں۔
ابراہیم رحیم پور نے کہا کہ کئي ممالک کے وزراء خارجہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی صدر حسن روحانی کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تعاون سے اس تقریب کو بہترین طریقہ سے منعقد کرنے کے تمام اقدامات انجام دیئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی صدر کی تقریب میں عالمی رہنماؤں کی شرکت سے یہ ثابت ہوگيا ہے کہ ایران کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی امریکی پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ کل ایک تقریب کے دوران رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے ایران کے بنیادی آئين کے مطابق عوامی آراء کو نافذ کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کو ایران کا بارہواں صدر منصوب کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ