مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رکن اسمبلی راوندرا گیکواد نے دہلی میں ایئر انڈیا کے عملے کی پٹائی کر دی۔ اطلاعات کے مطابق شیو سینا کے رکن اسمبلی راوندرا گیکواد نے دہلی ایئر پورٹ پر طیارہ لینڈ ہوتے ہی ایئر انڈیا کے عملے کی چپل کے ساتھ پٹائي کر دی ، شیوسینا کے رکن اسمبلی نے اپنا جوتا اتارا اور ڈیوٹی مینیجر اور عملے کے دیگر ارکان پر باری باری برسا دیا ۔ ذرائع کے مطابق بزنس کلاس میں سفر کی اجازت نہ دینے پر گیکواد نے ایئر لائن عملے کی پٹائی کی ۔ رکن اسمبلی نے پونہ سے دہلی کیلئے طیارے میں اوپن ٹکٹ بک کرائی تھی تاہم طیارے میں صرف اکانومی کلاس کی سیٹیں موجود تھیں جس پر گیکواد کو اکانومی کلاس میں بیٹھ کر دہلی آنا پڑا جہاں پہنچ کر انہوں نے طیارے سے اترنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ”منتری “ ایئر انڈیا کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر معافی مانگیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن اسمبلی نے مطالبہ پورا ہونے تک طیارے سے نیچے اترنے سے انکار کیا تاہم ڈیوٹی مینجر نے طیارے میں جا کر گیکواد سے معافی مانگی اور اکانومی کلاس میں سفر کے دوران پیش آنے والی پریشان پر بھی معزرت کی ۔ اس دوران مینیجر نے شیو سینا کے رکن اسمبلی کو طیارے سے نیچے آنے کی درخواست کی جس پر اس نے گالیاں دینا اور چپل کے ساتھ پٹائی کرنا شروع کر دی ۔
ایئر لائن کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رکن اسمبلی نے عملے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تاہم واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے تاکہ ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔
ہندوستان کی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رکن اسمبلی راوندرا گیکواد نے دہلی میں ایئر انڈیا کے عملے کی پٹائی کر دی۔
News ID 1871275
آپ کا تبصرہ