مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی حراست میں کالج کا ایک پروفیسر ہلاک ہوگیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ہندوستانی فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے گائوں کھریو میں کل رات چھاپہ مارا اور کالج پروفیسر شبیر احمد سمیت درجنوں نوجوانوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔گائوں والوں کے مطابق آج صبح ہندوستانی فوج نے شبیر احمد کی لاش گھر والوں کے حوالے کی۔ پولیس نے شبیر احمد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ فوج نے علاقے میں ہندوستان مخالف مظاہرین کے خلاف کارروائی کی۔پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ شبیر احمد کے بھائی سمیت دیگر 25 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ ہندوستانی فوج کے ترجمان کرنل نتین این جوشی کا کہنا ہے کہ دوران حراست شبیر احمد کی موت کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے مقامی کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے ہندوستانی فوج کا نشانہ بننے والے نہتے کشمیریوں کی تعداد 75 سے زائد ہوگئی ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی حراست میں کالج کا ایک پروفیسر ہلاک ہوگیا ہے۔
News ID 1866308
آپ کا تبصرہ