مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگاروں کے مطابق، 13 آبان کو ایران میں عالمی استکبار سے مقابلے اور طلباء کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن ملک بھر کے اسکولوں کے طلباء اور طالبات سڑکوں اور شاہراہوں پر ریلیاں نکالتے ہیں۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک بھر یہ دن جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
مختلف شہروں میں اسکولوں کے طلباء اور طالبات ریلیاں نکال کر عالمی استکبار کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔
اس سال 13 آبان کو فلسطین اور لبنان پر صہیونی جارحیت اور ایرانی حاکمیت کے خلاف صہیونی حکومت کے حملے خصوصی موضوع بنے ہوئے ہیں۔
ریلیوں کے شرکاء کے ہاتھوں میں امریکی زیرقیادت عالمی استکبار اور صہیونی حکومت کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈز ہیں۔
طلباء و طالبات اسلام اور ایران کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اظہار کررہے ہیں۔
تہران میں طلباء و طالبات نے امریکی جاسوسی اڈے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور واشنگٹن کی استکباری پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔
یوم مبارزہ استکبار کے موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایرانی عوام نے مضبوط عزم اور ارادے سے اقتصادی پابندیوں کا سامنا کیا اور مشکل مراحل کو سختی کے ساتھ عبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ جنگ میں کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔ امریکہ کو بخوبی ادراک ہوگیا ہے کہ سرد جنگ کے دور کی طرح اپنے فیصلے دوسروں پر مسلط نہیں کرسکتا ہے۔
13 آبان کے موقع پر ایرانی اعلی حکام نے منعقدہ تقریبات میں شرکت کی اور عالمی استکبار کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔
احتجاجی ریلی میں شریک طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس وقت ہر حوالے سے بہت مضبوط ہوچکا ہے اور امریکہ جیسی عالمی طاقت کے سامنے کھڑا ہے۔
ریلی کے دوران انقلابی ترانے پیش کیے گئے اور طلباء و طالبات سمیت تمام شرکاء نے مل کر ترانہ پڑھا۔
ریلی میں شریک طالبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم غزہ کے طلباء و طالبات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ریلی میں آئے ہیں۔ ہم انقلاب کے ساتھ ہیں اور غاصب اسرائیل کی نابودی تک مقاومت کریں گے۔