امریکی وزارت خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے کہا ہے کہ حماس کے جواب سے آگاہ ہیں اور خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ تفصیلات کے لئے رابطے میں ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے مصر اور قطر کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے پیش کردہ تجویز پر ردعمل میں کہا ہے کہ حماس کے جواب سے آگاہ ہیں۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے جواب کے بارے میں خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطہ کررہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنگ بندی قیدیوں کی رہائی اور غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں معاون ثابت ہوگی۔ اسرائیل کی جانب سے رفح پر حملے کی صورت میں ہرگز حمایت نہیں کی جائے گی۔

امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے حوالے سے مصر اور قطر سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ امریکہ کو اسرائیل کی جانب سے الجزیرہ کو خبروں کی کوریج سے روکنے پر تشویش ہے۔

یاد رہے کہ فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے کچھ لمحات قبل ایک بیان میں کہا ہے کہ تنظیم نے مصر اور قطر کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز کے ساتھ اتفاق کیا ہے۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تنظیم کے موقف سے قطر کے وزیراعظم اور مصر کے وزیراطلاعات کو آگاہ کردیا ہے۔