برنی سینڈرز نے صہیونی وزیراعظم کی جلد معزولی کی حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسرائیلی عوام کو جلد ان سے رہائی ملے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی سینیٹ کے رکن اور سابق صدارتی امیدوار برنی سینڈرز نے امید ظاہر کی ہے کہ صہیونی حکام وزیراعظم نتن یاہو کو وزارت عظمی کے عہدے سے برخاست کریں گے۔

ہاف پوسٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ لگتا ہے نتن یاہو کے جانے کا وقت نزدیک پہنچا ہے۔ وہ فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں۔
برنی سینڈرز نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ رائے دہندگان ایسی حکومت کا انتخاب کریں گے جو نتن یاہو کے برعکس حالیہ بحران کو سمجھ کر اقدامات کرے گی۔

انہوں نے صہیونی نسل پرست حکومت پر غزہ میں انسانی بحران ایجاد کرنے اور غرب اردن میں فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد  کاروائیاں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

انہوں نے ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے دوران نتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ حماس پر صہیونی حکومت کا حملہ ایک غلطی ہے۔ کیا ہزاروں عورتوں اور بچوں سمیت بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے کا یہی طریقہ ہے۔

انہوں نے کئی مرتبہ غزہ میں بے گناہ عوام پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ پیش آنے سے کسی بھی قیمت پر اجتناب کیا جائے۔

یاد رہے کہ نتن یاہو اسرائیل کی تاریخ میں سب سے زیادہ حکومت کرنے والے وزیراعظم ہیں جو 16 سال وزارت عظمی کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔

لیبلز