شامی وزارتِ خارجہ نے لبنان کی سرحد پر گزشتہ روز صہیونی حکومت کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان جارحیتوں کو غاصب حکومت کی ناکامی اور تباہی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سوریہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (SANA) کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شامی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے لبنان اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد پر واقع کفر شوبا نامی علاقے میں گزشتہ روز رونما ہونے والے واقعات پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

اس بیانیے میں کہا گیا ہے کہ سوریہ کفر شوبا علاقے پر غاصب اور قابض صہیونی غاصب حکومت کے حملوں کے مقابلے میں لبنان کی سرزمین اور خود مختاری کا بہادری سے دفاع کرنے پر لبنانی عوام اور فوج کو سلام پیش کرتا ہے اور اس بات پر تاکید کرتا ہے کہ ان حملوں سے ناجائز ریاست کی مسلسل شکستوں اور پے در پے مایوسیوں کے سوا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔

شامی وزارتِ خارجہ نے اس بات پر تاکید کی کہ لبنان کے جنوب میں کفر شوبا کے علاقے میں عوام اور لبنانی فوج نے بہادری سے قابض حکومت کے حملوں کا سامنا کیا اور لبنانی بہادر جوانوں نے لبنان کی خودمختاری کو کمزور کرنے اور اپنے ملک کی سرزمین کی بے حرمتی کرنے کی اس غاصب حکومت کی کوششوں کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

دمشق کی جانب سے جاری بیانیے میں مزید کہا گیا ہے کہ غاصب اور قابض صہیونی فوج کے مذموم عزائم اور اس کے مسلسل حملے جن کا مقصد خطے کی جغرافیائی نوعیت کو تبدیل کرنا تھا، اس حکومت کیلئے عبرت کا نشان بنا۔

دمشق نے اس بیانیے کے آخر میں اعلان کیا کہ شام لبنان کے خلاف صہیونی حکومت کی مسلسل جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ ان جارحیتوں سے غاصب اسرائیل کو صرف اور صرف پے در پے مایوسیوں اور مسلسل ناکامیوں کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز غاصب اسرائیلی فوجیوں نے کفر شوبا اور العرقوب کے علاقوں میں جمع ہونے والے لبنانی مظاہرین پر آنسو گیس اور ربڑ بموں سے حملہ کیا تھا تاہم انہیں لبنانی مزاحمتی جوانوں کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ غاصب صہیونی فوجی لبنانی فوج اور UNIFIL فورسز کی وسیع تعیناتی کے بعد علاقے سے فرار ہو گئے۔

لیبلز