مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ایرانی پارلیمنٹ میں ایران کے بارہویں صدر کے طور پرحلف اٹھانے کے بعد ملکی اور غیر ملکی مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران عالمی اور علاقائی سطح پر امن و صلح کا خواہاں ہے، ایران اپنے دفاعی معاملے پر کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔ اگر بعض طاقتوں نے ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان ہونے والےمشترکہ ایٹمی معاملے کی خلاف ورزی کی تو اس پر ایرانی حکومت اور قوم کا سخت رد عمل سامنے آئے گا۔
صدر حسن روحانی نے اپنے خطاب کے آغاز میں رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) اور شہدائے انقلاب اسلامی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اور حکومت پر حضرت امام (رہ) اور شہدائے انقلاب کا بہت بڑا احسان ہے انھوں نے ایرانی قوم کو سرافرازی اور سربلندی عطا کی ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم اور حکومت ، عالمی سامراجی طاقتوں کے شوم منصوبوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں متحد اور متفق ہے اور ہم کسی بھی سامراجی طاقت کو ایرانی عوام کے حقوق سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران علم و دانش کی شاہراہ پر گامزن ہے اور دشمن ایران کی علمی پیشرفت اور ترقی کو روکنے کی کوشش کررہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا میزائل سسٹم دفاعی نوعیت کا ہے اور ایران اپنے دفاع امور میں کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگا۔
آپ کا تبصرہ