مہر خبررساں ایجنسی نے تاس کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ، مصر اور قطر نے غزہ میں جنگ بندی اور صہیونی یرغمالیوں کی رہائی کے لئے کسی متفقہ نتیجے پر پہنچ گئے ہیں۔
امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق مذاکرات میں شامل سفارت کاروں نے کہا ہے کہ امریکہ، مصر اور قطر نے حماس اور اسرائیل کو جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر راضی کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
اخبار کے مطابق مجوزہ قرارداد کے مطابق غزہ میں مکمل جنگ بندی کی جائے گی اور صہیونی یرغمالیوں کو آزاد کرایا جائے گا۔ ابھی تک جنگ کے اصلی فریق یعنی حماس اور اسرائیل کی جانب سے اس مجوزہ منصوبے کے بارے میں کوئی موقف جاری نہیں کیا گیا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق صہیونی جیلوں میں قید تمام فلسطینیوں کی رہائی کے بدلے حماس صہیونی یرغمالیوں کو آزاد کرے گی۔ علاوہ ازین صہیونی حکومت بھی غزہ سے اپنی فوجیں ہٹادے گی۔
اس سے پہلے نومبر کے اواخر میں بھی مصر اور قطر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل نے مختصر مدت کے لئے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ اس دوران دونوں جانب سے قیدیوں کا تبادلہ ہوا تھا۔