عالمی برادری کی خاموشی کے سبب غاصب صیہونی حکومت کے طیاروں نے گذشتہ رات غزہ کی پٹی کے 450 حصوں پر بمباری کی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کے طیاروں نے غزہ کی پٹی میں نئی جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے  دیر البلاح اور الزوائدہ میں 2 رہائشی مکانات پر بمباری کرکے کم از کم 45 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ 

رپورٹ کے مطابق اس وحشیانہ بمباری  متعدد فلسطینی شہید ہوئے اور کثیر تعداد میں لوگ ملبے تلے دب گئے ہیں۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے سرگرم اداروں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا: ہمیں انسانی وجوہات کی بنا پر غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے باشندوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم کرنا اور ان کے گھروں، پناہ گاہوں اور اسپتالوں پر بمباری ناقابل قبول ہے۔

اقوام متحدہ کے ان اداروں کے بیان میں مزید تاکید کی گئی ہے: غزہ کی پٹی پر حملے کے آغاز سے اب تک صحت کے مراکز پر 100 سے زیادہ حملے کیے جا چکے ہیں۔

ادھر غاصب صہیونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے صرف کل رات غزہ کی پٹی میں 450 اہداف پر بمباری کی!