ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بار بار خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور اس پر مغربی ملکوں کی خاموشی کو شرمناک قرار دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے دمشق اور اس کے نواحی علاقوں بشمول بعض رہائشی عمارتوں پر صیہونی حکومت کے حملوں کی شدید مذمت کی جن کی وجہ سے متعدد بے گناہ شامی شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ 

کنعانی نے داعش کے حملے کے کچھ ہی دیر بعد شامی شہریوں پر صیہونی حکومت کے تازہ حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان دو دہشت گرد اداروں کے رابطے اور ہم آہنگی کو ایک فطری اور موروثی تعلق قرار دیا جس کا مقصد زلزلہ زدہ شامی قوم کے درد کو مزید بڑھانا ہے۔

انہوں نے صہیونی حکومت کی جانب سے شام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی بار بار خلاف ورزیوں پر مغربی ملکوں کی خاموشی کو بھی شرمناک قرار دیا۔

انہوں نے دمشق میں اسرائیلی جارحیت پر عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے فوری، سنجیدہ اور موثر ردعمل کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ صہیونی حکومت کی جانب سے تازہ ترین فضائی اور میزائل حملوں میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں اب تک ۲۰ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔