مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے پاکستان اور تاجیکستان کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے تین سمجھوتے طے پا گئے ہیں جبکہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے فروغ اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مشترکہ کوششیں کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے تاجیکستان کے سرکاری دورے کے موقع پر تاجک صدر علی امام رحمان نوف سے دوشنبہ میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے تین معاہدوں پر بھی دستخط کر دیئے ہیں۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ تاجکستان، پاکستان کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبے پر کام تیز کریگا ۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کے بعد 18 نکاتی مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں دونوں ملکوں نے کہا ہے کہ دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو اپنے باہمی مفادات کی بنیاد پر فروغ دینے کیلئے مشترکہ اقدامات اُٹھائے جائینگے۔
آپ کا تبصرہ