مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی دستے، افغان فوج اور طالبان شدت پسندوں کے درمیان ہونے والی ایک سہ طرفہ جھڑپ میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اگرچہ اس بارے میں تفصیلات زیادہ واضح نہیں ہیں، تاہم طالبان تنظیم کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب اس کے افرادنے ایک افغان فوجی چوکی پر حملہ کیا۔ افغان صوبے کنڑ میں پولیس کے سربراہ عبدالجلال جلال کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ میں پانچ افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان حکام کا کہنا ہے کہ اس کا ایک فوجی اس وقت ہلاک ہوا جب افغانستان کی طرف سے اس کی فوجی چوکی پر فائرنگ کی گئی۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس کے مطابق لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب طالبان جنگجوؤں نے ایک افغان سرحدی چوکی پر حملہ کیا۔ ترجمان کے مطابق جوابی فائرنگ میں ایک پاکستانی چوکی بھی افغان فوج کی فائرنگ کی زد میں آ گئی جس سے ایک پاکستان فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ دونوں جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ اس جھڑپ میں آٹھ طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔
آپ کا تبصرہ