مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی حکمراں اور ولی عہد سے ملاقات کے بعد امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا دعوی ہے کہ سعودی عرب نے جمال خاشقجی کی گمشدگی پر احتساب کا یقین دلایا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ کے مطابق سعودی حکمراں اور ولی عہد سے ملاقات میں دو ٹوک بات چیت دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ سعودی عرب حقائق جاننے اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے، ان کاکہنا ہے کہ واقعے میں چاہے کوئی اہم شخصیت یا اعلیٰ عہدیدار ہی کیوں نہ ملوث ہو تحقیقات ضرور ہوگی۔
دوسری جانب ترک ذرائع کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں سعودی عرب کے قونصلخانہ کے قونصل جنرل محمد العتیبی ترکی سے فرار ہوکر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سعودی قونصل جنرل اپنے گھر کی تفتیش سے قبل سفارتی استثنی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ترکی سے فرار ہوگئے ہیں۔
واضح رہے واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ جمال خاشقجی اپنی ترک منگیتر سے شادی کے سلسلے میں دستاویزات کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے جس کے بعد وہ واپس نہیں آئے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں قتل کردیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ