مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجمع تشخیص مصلحت نظام کے اسٹراٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل الیاسن کے ساتھ ملاقات میں شام اور عراق میں امن و صلح برقرار کرنے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے بارے میں ایران اور اقوام متحدہ کے مؤقف کو آپس میں قریب قراردیا ہے۔ ولایتی نے الیاسن کے ساتھ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ڈپٹی جنرل سکریٹری حقیقت پسند انسان ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ بعض عالمی مسائل میں اقوام متحدہ کی کارکردگی پر علاقائي ممالک اور عوام ناراض ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الیاسن نے عراق اور شام کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے پورے خطے میں کشیدگی پھیلا رکھی ہے اور داعش کو اب سبھی ممالک خطے کے لئے اور عالمی امن کے لئے خطرہ قراردے رہے ہیں۔
الیاسن نے بھی نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ آج ہم نے علاقہ میں جاری دہشت گردی کے متعلق اور دیگر عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور سبھی کو چاہیے کہ وہ علاقہ کے بارے میں اپنی ذمہ داری پوری کریں انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایران کے ایٹمی معاملے کے بارے میں معاہدہ طے پاجائےگا کیونکہ یہ مسئلہ نہ صرف اقوام متحدہ کے لئے اہم ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کی خاص اہمیت ہے اور مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کو کم کرنے میں بھی اس سے مدد ملےگی۔
آپ کا تبصرہ