مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد دنیا بھر سے صہیونی حکومت کے خلاف شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔
مختلف حکومتوں کی جانب سے تہران میں حماس کے اعلی رہنما پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی جارہی ہے۔
شہید اسماعیل ہنیہ کے بیٹے عبدالسلام نے والد کی شہادت کے بعد کہا کہ شہادت میرے والد کی آرزو تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے خلاف مبارزہ جاری رکھیں گے۔ مقاومتی رہنماؤں کی شہادت سے مقاومت ختم نہیں ہوگی۔
دوسری جانب شہید اسماعیل ہنیہ کی بہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم اللہ کے حکم کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہیں اور سب کو تسلیت عرض کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ہنیہ ایک مہربان باپ کی حیثیت رکھتے تھے۔ وہ ایک عظیم کمانڈر اور ہیرو تھے۔ یہ دنیا فانی ہے ان شاء اللہ بہشت میں ہم ان سے ملاقات کریں گے۔