رہبر معظم نے حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہان سے ملاقات کے دوران کہا کہ آج اسلام کا پرچم مقاومت کے ہاتھوں میں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطینی مقاومتی تنظیموں حماس اور تحریک جہاد اسلامی کے سربراہان سے ملاقات کے دوران کہا کہ آج اسلام کا بلند ترین پرچم مقامت کے ہاتھوں میں ہے۔ اسی مقاومت کی برکت سے پہلے سے زیادہ اسلام کی ترویج ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان رہنماوں کی ایک بڑی مشکل یہ رہی ہے کہ معاشرے اور دنیا میں اسلام کی کیسے ترویج کی جائے۔ آج دنیا میں اسلام اگر پھیل رہا ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ غزہ کے فلسطینی عوام کی استقامت ہے۔

رہبر معظم نے کہا کہ امید ہے کہ فلسطینی عوام اور مقاومت کو اللہ کی حمایت اور فتح کی بشارت کا سلسلہ باقی رہے گا۔

اس موقع پر حماس کے اعلی رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے غزہ کے عوام اور مقاومتی تنظیموں کی حمایت اور مدد پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا کہ فلسطینی مقاومتی رہنماؤں کی ایک ساتھ موجودگی دلیل ہے کہ فلسطینی تنظیموں کے درمیان ہماہنگی اور اتحاد پایا جاتا ہے اور اسی اتحاد کے ذریعے دشمن پر فتح حاصل کرلیں گے۔