سلامتی کونسل کی قرارداد کو پامال کرنے پر روس نے صہیونی حکومت کے خلاف کاروائی اور پابندیاں عائد کرنے کے لئے فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کی جانب سے جوابی حملے میں ڈرون اور میزائلوں کو روکنے میں ناکامی کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اسرائیل کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا جب ایران کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرنے کی کوششیں رائیگاں چلی گئیں۔ صہیونی کوششوں کے برعکس روس نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ اقوم متحدہ کی قرارداد کو پامال کرنے پر صہیونی حکومت کے خلاف پابندی عائد کرنے کے لئے اجلاس طلب کیا جائے۔

روسیا الیوم نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں روسی نمائندے واسیلی بنزیا نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانیت سوز مظالم اور جنگ بندی کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرارداد کو پامال کرنے پر صہیونی حکومت کے خلاف پابندی عائد کرنے کے لئے فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے۔

انہوں نے امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت امریکی آشیرباد کے ساتھ غزہ میں جارحیت اور اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی کررہی ہے۔

بنزیا نے کہا کہ عالمی ادارے کی قرارداد پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے سلامتی کونسل کو فوری نوٹس لیتے ہوئے کاروائی کرنا چاہئے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے ماہ رمضان میں غزہ میں جنگ بندی کے لئے قرارداد منظور کی تھی تاہم صہیونی حکومت نے عالمی ادارے کی قرارداد کو اہمیت دیئے بغیر غزہ میں کاروائیوں میں تیزی لائی ہے۔

لیبلز