مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بغداد میں تعیینات ایرانی سفیر محمد کاظم آل صادق نے عراقی تحریک حکمت ملی عراق کے سربراہ سید عمار حکیم سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق عراقی سرکاری نیوز ایجنسی واع نے کہا ہے کہ عراقی رہنما سید عمار حکیم نے ایران سفیر سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات میں اضافے اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ موقف کی ضرورت پر زور دیا۔
حکمت ملی عراق کے دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے باہمی تعلقات میں اضافے کے لئے ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں زیارتی مقامات سے زیادہ استفادہ کی ضرورت پر تاکید کی۔
اس موقع پر سید عمار حکیم نے کہا کہ غزہ میں صہیونی جرائم کے فوری خاتمے کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری غزہ میں صہیونی جارحیت کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے۔ اس وقت خاموشی اختیار کرنا صہیونی جرائم کی تائید کرنے کے مترادف ہے۔