اجراء کی تاریخ: 14 فروری 2024 - 09:44

مصر کے دارالحکومت میں حماس کے ساتھ جنگ بندی کے لئے مذاکرات کے بعد صہیونی وفد اسرائیل واپس پہنچ گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، صہیونی فوج کے ریڈیو نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لئے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے مذاکرات ختم ہوگئے ہیں۔ مذاکرات میں شریک صہیونی وفد تل ابیب واپس پہنچ گیا ہے۔

دراین اثناء صہیونی چینل 12 نے کہا ہے کہ موساد کے سربراہ کی قیادت میں اسرائیلی وفد کسی مثبت نتیجے کے بغیر مذاکرات ختم کرکے واپس آگیا ہے۔

دوسری حماس کے رہنما حسام بدران نے کہا ہے کہ ابھی قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات بتانا جلد بازی ہوگی۔ نتن یاہو کو یقین ہوگیا ہے کہ حماس کو نابود کرنا ممکن نہیں ہے اسی لئے مذاکرات پر مجبور ہوئے ہیں۔

حماس نے کہا ہے کہ اس وقت تنظیم کا کوئی نمائندہ قاہرہ میں موجود نہیں ہے۔ مذاکرات کے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں۔

اے ایف پی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جنگ بندی کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ مجوزہ چھے ہفتے کا معاہدہ زیرغور ہے۔ ذرائع کے مطابق حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کی مدت کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے۔