مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سکائی نیوز نے کہا ہے کہ قطر حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں کوششیں کررہا ہے۔ اس حوالے سے صہیونی خفیہ ادارے موساد کے سربراہ نے قطر کا خفیہ دورہ کیا ہے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ بارنیا ہفتے کی رات دوحہ گئے۔ صہیونی ذرائع کے مطابق ان کے دورے کا مقصد غزہ میں اسیر ہونے والے صہیونی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے مذاکرات کرنا تھا۔
عبرانی ذرائع اس سے زیادہ دورے کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
دوسری جانب تازہ خبریں موصول ہورہی ہیں کہ امریکہ اور قطر صہیونی قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں مشترکہ کوششیں کررہے ہیں۔
7 اکتوبر کو شروع ہونے والے طوفان الاقصی میں القسام بریگیڈ اور دوسری تنظیموں نے صہیونی آبادیوں پر حملہ کرکے متعدد کو ہلاک کرنے کے علاوہ سینکڑوں کو اسیر کیا تھا۔ موثق ذرائع کے مطابق اب تک 200 سے زائد صہیونی فلسطینی تنظیموں کے پاس اسیر ہیں۔
حماس نے گذشتہ دنوں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بعض قیدیوں کو رہا کردیا تھا۔