ایران کے صدر نے کہا کہ ایران میں حالیہ بدامنی اور فسادات جنگ احزاب تھے اور اس بات پر زور دیا کہ دھوکہ کھانے والوں کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی باہیں کھلی ہیں جبکہ عداوت رکھنے والوں پر کوئی رحم نہیں ہوگا۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت سید ابراہیم رئیسی نے منگل کے روز دفاع مقدس کے گمنام شہداء کی تشییع جنازہ سے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کے یوم شہادت کے موقع پر تعزیت پیش کی اور پیغمبر اسلام (ص) کی میراث کے تحفظ میں آپ (س) کے گراں قدر کردار کو سراہا۔

آیت اللہ رئیسی نے ایران کے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ استعمار اور فرعونی طاقتیں پرفریب نعروں کے ذریعے قوموں کی ذلت و رسوائی کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے ایران میں حالیہ بدامنی اور فسادات کو جنگ احزاب  اور باطل کی تمام قوتوں کا حق کے خلاف صف آرا ہونا قرار دیا اور کہا کہ اس میں موجود تھے۔ بادشاہت پرستوں، منافقوں اور مستکبروں نے اس جنگ میں کردار ادا کیا۔ قرآن ہمیں ان افواہ پھیلانے والوں اور منفی ماحول بنانے والوں سے ہوشیار رہنے کی تنبیہ کرتا ہے جو اسلامی معاشرے کو منحرف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استکباری طاقتیں اور افواہیں پھیلانے والے ایرانی قوم کو مایوس کرنا چاہتے ہیں۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ تمام شعبوں میں ملک نے بہت ترقی کی ہے اور دشمن کے غصے کی وجہ یہ ترقی اور پیشرفت ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ کے خلاف دشمنوں کی تمام کوششیں شرمناک طور پر ناکام ہو گئی ہیں۔

صدر رئیسی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران اپنے دشمنوں پر رحم نہیں کرے گا، اس بات پر زور دیا کہ دشمنوں نے ایران کی ترقی کو روکنے کے لیے اپنی تمام طاقت استعمال کی لیکن آج وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی تمام پالیسیاں اور دباؤ ناکام ہو گئے ہیں۔ آج دشمن کو ایک ایسی قوم کا سامنا ہے جس نے ترقی کی ٹھان لی ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی قیادت میں ملت ایران نے ترقی کا فیصلہ کیا ہے۔

آیت اللہ رئیسی نے زور دے کر کہا کہ ہم نے امید کے ساتھ جینا شہداء سے سیکھا ہے اور ہم نے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا سے سیکھا ہے کہ ہمیں دشمن کے خلاف ڈٹے رہنا چاہیے۔