مہر نیوز ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ اسلام آباد میں شہدا پولیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک ارب ڈالر کے لئے آئی ایم ایف نے تگنی کا ناچ نچا دیا۔ ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا لازمی تھا۔ آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ کیا گیا جو خامیوں سے بھرپورتھا اور شرائط بھی صحیح نہیں تھیں۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کی پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑیں۔ یہ بھی سوچا کہ قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن الیکشن میں جاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔ پاکستان کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال ساری قیادت کے مل بیٹھ کربات کرنے سے حل ہوگی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے صرف فرح گوگی اوراحسن گجر کی تقدیر بدلی۔ ملک کے لیے کچھ کرسکتے تو چار سالوں میں کرلیتے۔ ایک شخص کے علاوہ سب اکٹھے ہیں۔ ایک شخص ہرایک کو گالی دیتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جس شخص کی آنکھ کے اشارے سے ملک ہل جاتا تھا آج وہ خود ہل بھی نہیں سکتا۔ شہدا کی قربانی قوموں کی تقدیر کو بدلتی ہے۔ شہید کا قرض تو پوری قوم پر ہوتا ہے۔