مہر نیوز ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہےکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے افغانستان کے قائم مقام وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیر اعظم نے افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع اور مادی نقصان پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور افغانستان کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی امدادی کوششوں کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا، جس میں ہنگامی ادویات، خیموں، ترپالوں اور کمبلوں کی ترسیل شامل ہے۔
شہباز شریف نے افغان ہم منصب کو آگاہ کیا کہ غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کو پاکستانی اسپتالوں میں علاج کے لیے کھول دیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے دونوں عوام کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر زور دیا اور پاکستان کی جانب سے سنگین انسانی صورتحال کا سامنا کرنے والے افغان عوام کو مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے مؤثر سرحدی انتظام کے ذریعے تجارت اور لوگوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کے مقصد کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عزم ہے۔