مہر خبررساں ایجنسی نے پریس ٹی وی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شہید عماد مغنیہ کی پہلی برسی کے موقع پر حزب اللہ کے کئي ہزار حامیوں نے جنوبی بیروت کے علاقہ میں ایک عظيم اجتماع میں شرکت کی حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے ٹی وی کے ذریعہ اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے خلاف ہم اینٹی ایئرکرافٹ کا بھر پوراستعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ سیدحسن نصر اللہ نے کہاکہ اسرائیلی فضائیہ کے طیارے روزانہ لبنانی سرحد کی خلاف وزری کرتے ہیں۔ اس لئے حزب اللہ کو ہر قسم کے دفاعی ہتھیار حاصل اوران کے استعمال کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے اگرلبنان پر کوئی حملہ کیا گیاتو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ سیدحسن نصر اللہ نے کہاکہ حزب اللہ کے کمانڈر عماد مغنیہ کے قتل کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے قوم و ملک کی سربلندی کے لئے عظیم شہیدوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان شہداء کی تکریم و تعظيم کے لئے ہم سب یہاں جمع ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بعض عرب رہنما اسرائیل کے ساتھ سازش کرنے اور اس کے سامنے تسلیم ہونے کی بات کررہے ہیں جبکہ عرب عوام عرب رہنماؤں کے اس نقطہ نظر کے بالکل خلاف ہیں اسرائیل کے ساتھ تعاون کر عرب قومیں اپنے لئے ننگ و آر سمجھتی ہیں اور حقیقت بھی یہی ہے کہ ہم کیوں ایک فرضی اور جعلی حکومت کو تسلیم کریں جسے ہمارے علاقہ میں ساٹھ سال قبل طاقت کے زور پر قائم کیا گیا ہے جو ظالم و جابر حکومت ہےجس سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اسرائيل کو ہر گز تسلیم نہیں کریں گے اسرائیل کی بحریہ اور بری فوجوں کو ہم نے شکست سے دوچار کیا اور اگر اسرائیل نے لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی جاری رکھی تو ہم ہر قسم کے ہتھیاروں سے ملک کا دفاع کریں گے اور اسرائیل لڑاکا طیاروں کے خلاف ضرورت پڑنے پراینٹی ایئرکرافٹ کے ذریعہ کارروائی بھی کریں گے انھوں نے عرب حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اسرائیل کو بہت سے امتیازات دیئے ہیں اور ان امتیازات کے بدلے میں اسرائیل نے غزہ میں خون کی ہولی کھیلی ہے بے گناہ بچوں عورتوں اور شہریوں کا قتل عام کیا ہے۔ انھوں نے عرب رہنماؤں پر زوردیا ہے کہ اپنے باہمی اختلافات ختم کرکے اسرائیل کے خلاف ایک متحدہ محاذ قائم کریں اور اس ظالم وجابر حکومت سے عرب سرزمین کو آزاد کرانے کی کوشش کریں اور اس راہ میں عرب قومیں ان کابھر پور تعاون کریں گی سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ہم نے شہیدوں سے عہد کررکھا ہے کہ ہم ان کے راستے پر گامزن رہیں گے۔ واضح رہے کہ شہید عماد مغنیہ کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی نے گذشتہ سال شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک بم دھماکے کے ذریعہ شہید کردیا تھا عماد مغنیہ حزب اللہ کے ایک اہم اور فعال و سرگرم کمانڈر تھے۔
آپ کا تبصرہ