مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام نہیں کررہا۔نیویارک میں اقوام متحدہ کے 72 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر منعقدہ خصوصی اصلاحاتی سیشن سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بیوروکریسی سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔امریکی صدر نے اقوام متحدہ کے دنیا بھر میں جاری آپریشنز پر آنے والے اخراجات کا سب سے زیادہ بوجھ امریکہ کی جانب سے اٹھائے جانے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ کسی بھی ملک پر غیر منصفانہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے بحالی امن مشنز پر جو خرچہ آتا ہے اس کا 28.5 فیصد حصہ امریکہ ادا کرتا ہے جو کہ غیر منصفانہ ہے۔ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارے کی پالیسیوں میں اصلاحات لائیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ جن مقاصد کے لیے اقوام متحدہ میں پیسہ لگا رہا ہے اس کے نتائج نظر نہیں آرہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے کہا کہ انتظامی معاملات میں پیچیدگیوں کی وجہ سے ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ ادھر روس اور چین نے اقوام متحدہ میں امریکی مرضی کی اصلاحات لانے کی مخالفت کرتے ہوئے امریکی اصلاحات کی دستاویز پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام نہیں کررہا۔
News ID 1875365
آپ کا تبصرہ