14 فروری، 2017، 1:14 PM

تامل ناڈو میں وزارتِ اعلی کی امیدوار سسی کلا کو 4 سال قید کی سزا

تامل ناڈو میں وزارتِ اعلی کی امیدوار سسی کلا کو 4 سال قید کی سزا

ہندوستانی سپریم کورٹ نے ریاست تامل ناڈو میں وزارتِ اعلی کی امیدوار وی کے سسی کلا کو رشوت خوری اور آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے جرائم ثابت ہوجانے پر 4 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنادی ہے اور انہیں آئندہ 9 سال تک انتخابات کےلیے نااہل بھی قرار دے دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ نے ریاست تامل ناڈو میں وزارتِ اعلی کی امیدوار وی کے سسی کلا کو رشوت خوری اور آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے جرائم ثابت ہوجانے پر 4 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنادی ہے اور انہیں آئندہ 9 سال تک انتخابات کےلیے نااہل بھی قرار دے دیا ہے۔ ہندوستانی سپریم کورٹ کے دو ججز پر مشتمل بنچ کے اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سسی کلا نے تامل ناڈو کی چار بار منتخب وزیراعلی آنجہانی جے للیتا کے پہلے دورِ حکومت میں ان کے ساتھ مل کر 60 کروڑ روپے کے اثاثے بنائے جو ان کے ظاہر کردہ ذرائع آمدن کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ چونکہ اس مقدمے کی دوسری ملزمہ جے للیتا کا دسمبر 2016 میں انتقال ہوچکا ہے اس لئے انہیں سزا دینا ممکن نہیں لیکن سسی کلا سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر خود کو چنئی میں پولیس کے حوالے کردیں۔

واضح رہے کہ تامل ناڈو میں ’’اماں‘‘ کے نام سے شہرت رکھنے والی آنجہانی جے للیتا سے انتہائی قربت کی بناء پر سسی کلا کو ’’چھوٹی اماں‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ان دونوں خواتین کو 2014 میں بھی رشوت خوری، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی ذرائع سے اثاثے بنانے کے ایسے ہی ایک مقدمے میں بنگلور جیل میں کچھ دن گزارنے پڑے تھے لیکن کرناٹک کی حکومت نے اس کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس پر جے للیتا کو بے قصور قرار دیتے ہوئے آزاد کردیا گیا تھا اور انہوں نے وزیراعلی تامل ناڈو کی ذمہ داریاں ایک بار پھر سنبھال لی تھیں۔ البتہ سسی کلا کے خلاف تفتیش جاری رہی۔

اس فیصلے کے ذریعے بھارتی سپریم کورٹ نے سسی کلا کے علاوہ آنجہانی جے للیتا پر بھی پھر فردِ جرم عائد کردی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سسی کلا اگرچہ اب تک کسی سیاسی عہدے پر فائز نہیں رہیں، یہاں تک کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے انتخابات میں کبھی حصہ نہیں لیا لیکن پھر بھی وہ جے للیتا کے کے بعد تامل ناڈو کی اگلی وزیراعلی بننے کی امیدوار تھیں۔ مگر خود ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے موجودہ وزیراعلی تامل ناڈو او پانیر سیلوام بھی ان کے خلاف ہیں۔

News ID 1870441

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha