مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ملائشیاء کی نجی کمپنی کے انڈونیشیا سے سنگاپور جانے والے لاپتہ طیارے کی تلاش کے لئے کئی ممالک کا مشترکہ سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے تاہم اب تک انہیں کسی بھی قسم کی کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔اطلاعات کے مطابق انڈونیشیا سمیت کئی ممالک کے بحری جہاز اور طیارے ملائیشیا کی نجی فضائی کمپنی ایئرایشیا کے لاپتہ مسافر طیارے کی تلاش میں مصروف ہیں۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں انڈونیشیا کے 12 بحری جہاز، 3 ہیلی کاپٹر اور 5 فوجی طیارے، ملائیشیا کا ایک سی 130 طیارہ اور 3 بحری جہاز ، سنگاپور کا ایک سی 130 طیارہ اور آسٹریلوی بحریہ کے جہاز کے علاوہ درجنوں کی تعداد میں بحری جہاز اور کشتیاں شامل ہیں۔
انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ بامبانگ سوئلیستیو کا کہنا ہے کہ ٹیم کو دستیاب معلومات سے اندازہ ہوتا ہے کہ طیارہ سمندر کی تہہ میں ہوگا تاہم اس بارے میں کوئی ٹھوس شواہد ابھی تک سامنے نہیں آ سکے۔ اس لئے اس کی تلاش کے لئے دیگر مفروضوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ ملائیشیا کی نجی ہوائی کمپنی ایئر ایشیا کا مسافر طیارہ انڈونیشیا کے شہر سُورابايا سے سنگاپور جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا اور اس میں عملے کے 6 ارکان سمیت 162 مسافر سوار تھے۔
آپ کا تبصرہ