مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں صہیونی حکومت کی جارحیت جاری ہے۔
شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا اور جبالیا کیمپ کے اطراف میں موت رقص کررہی ہے۔ صہیونی فوج مسلسل رہائشی مکانات اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
بیت لاہیا کے علاقے میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صہیونی فوج کے حملوں میں 72 افراد شہید ہوگئے جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں مختلف علاقوں پر صہیونی فضائی طیاروں نے بمباری کی۔ خان یونس اور رفح کے درمیان علاقے المواسی میں فلسطینی مہاجرین کے کیمپوں پر فضائی حملے میں 4 شہری شہید ہوگئے جن میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی اور جنوبی غزہ پر صہیونی حملوں کے دوران مجموعی طور پر 111 فلسطینی بے گناہ شہری شہید ہوگئے ہیں۔