تل ابیب اور دیگر شہروں میں لاکھوں شہریوں نے نتن یاہو کابینہ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حماس کے ساتھ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے کہا ہے کہ تل ابیب سمیت مقبوضہ فلسطین کے دیگر شہروں میں نتن یاہو اور ان کی کابینہ کے خلاف صہیونی عوام کے مظاہروں میں شدت آرہی ہے۔

گذشتہ رات ہونے والے مظاہروں میں تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی اور نتن یاہو اور ان کی کابینہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

سب سے بڑا مظاہرہ تل ابیب میں ہوا۔ مظاہرین نے نتن یاہو کابینہ کی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کرتے ہوئے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا جلد معاہدہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ گیارہ مہینوں سے صہیونی فورسز غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف آپریشن کررہی ہیں تاہم اپنے اہداف کے حصول میں بری طرح ناکام ہوئی ہیں۔ حماس پوری طاقت کے ساتھ غزہ اور غرب اردن میں موجود ہے۔ صہیونی یرغمالیوں کو رہا کرنے میں بھی اسرائیلی فوج بری طرح ناکام ہوئی ہے۔