ایرانی صدر پزشکیان تین روزہ دورے پر عراق روانہ ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی کی دعوت پر عراق روانہ ہوگئے ہیں۔

بغداد روانگی سے پہلے مہر آباد ائیرپورٹ پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوست اور ہمسایہ ملک عراق کے ساتھ ایران کے مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عراق سمیت تمام مسلمان ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم کرے۔

دورے کے دوران اعلی سیاسی اور اقتصادی وفد بھی صدر پزشکیان کے ہمراہ ہوگا۔ 

صدر پزشکیان بغداد میں عراقی وزیراعظم کے علاوہ عراقی پارلیمنٹ اور عدلیہ کے سربراہان کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ 

دورے کے دوران صدر پزشکیان نجف اشرف اور کربلائے معلی جاکر ائمہ معصومین علیہم السلام کی زیارت بھی کریں گے۔

صدر پزشکیان عراقی کردستان کے اعلی حکام کی دعوت پر اربیل اور سلیمانیہ بھی جائیں گے۔