اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا ہے کہ امریکہ مشرق وسطی اور دنیا میں دہشت گردی کا بنیادی حامی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ امریکہ مشرق وسطی اور عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ امریکی نمائندے نے سلامتی کونسل کی نشست میں ایران کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات عائد کئے ہیں۔ اسلامی جمہوری ایران امریکہ کے مذکورہ الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

سعید ایروانی نے کہا کہ امریکہ خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی حمایت کرتے ہوئے اس کو فروغ دے رہا ہے۔ غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کے باوجود امریکہ صہیونی حکومت کی مسلسل مدد کررہا ہے۔ فلسطینی شہریوں کے خلاف استعمال ہونے والے ہتھیار امریکہ سے برامد کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں غزہ کے التابعین سکول پر صہیونی حملے میں بھی امریکی ہتھیار استعمال ہوئے ہیں۔

ایروانی نے کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دیے گئے گروہوں کی بھی مدد کرتا ہے۔ شام میں النصرہ فرنٹ امریکی حمایت کے تحت سرگرم ہے۔ حقیقت میں امریکہ ہی خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کا بنیادی حامی ہے۔