مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے جاسوس ڈرون طیارے کے ذریعے کامیابی کے ساتھ صہیونی علاقوں اور تنصیبات کی فلمبرداری کی ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جاسوس ڈرون طیارے "ہدہد" نے میزائل تنصیبات، آئرن ڈوم لانچنگ پیڈز، اہم بندرگاہوں اور فوجی کشتیوں کی فلمبرداری کی اور حفاظت کے ساتھ واپس آگیا۔
دس منٹ پر مشتمل ویڈیو میں صہیونی تنصیبات اور حساس مراکز کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع ابلاغ میں ویڈیو منتشر ہونے کے بعد صہیونی حکام کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ صہیونی میڈیا سوال اٹھارہے ہیں کہ اسرائیلی ریڈار کی نظروں میں آئے بغیر حساس مقامات کی کیسے فلمبرداری کی گئی۔
صہیونی میڈیا نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل لبنان کے خلاف کوئی کاروائی کرے تو حزب اللہ کو کسی بھی حوالے سے نظرانداز نہیں کیا جاسکے گا۔ لبنانی مقاومتی تنظیم کی قدرت نمائی سے اسرائیلی دفاعی حکام گہری سوچ میں ڈوب گئے ہیں۔
بعض اخبارات نے کہا ہے کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران حزب اللہ نے سرحدوں پر ہمیں سکون سے سونے دیا تھا اس کی اصل وجہ اب سامنے آگئی کہ حزب اللہ صہیونی حساس مراکز کی تصویر برادری کررہی تھی۔