لبنان کی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے ایک پیغام میں ایران کے صدر اور وزیر خارجہ سمیت دیگر اعلی حکام کی شہادت پر رہبر معظم انقلاب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے درازی عمر کی دعا کی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل "سید حسن نصر اللہ" نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے نام ایک پیغام میں ہیلی کاپٹر حادثے میں "سید رئیسی اور ان کے ساتھیوں شہید کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ 

اس پیغام میں سید حسن نصر اللہ نے رہبر معظم انقلاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس حساس مرحلے میں شہیدوں کے غم میں شریک ہیں۔ آپ استکباری طاقتوں کے خلاف جنگ میں امت اسلامیہ کی قیادت کر رہے ہیں۔ ہماری اور تمام مظلوم مزاحمتی تحریکوں کی امیدیں آپ کی دانشمندانہ قیادت سے وابستہ ہیں۔

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے اس پیغام میں مزید کہا کہ میں خدا وند متعال سے آپ کی طول عمر کی دعا کرتا ہوں، اللہ تعالی آپ اور جملہ لواحقین کو اس عظیم سانحے میں صبر جمیل عطا فرمائے۔

حسن نصراللہ نے کہا کہ شہید حسین امیرعبداللہیان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر مزاحمت کے دفاع کا جھنڈا تھامے رکھا۔

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے تاکید کی کہ میں آپ کی خدمت میں حزب اللہ اور مزاحمت کے تمام حامیوں کی جانب سے انتہائی مخلصانہ تعزیت پیش کرتا ہوں۔