صہیونی یرغمالیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہزاروں اسرائیلیوں نے وزارت جنگ کے باہر دھرنا دیا اور نتن یاہو کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال ہونے والے اسرائیلیوں کے خاندان والوں اور حامیوں نے تل ابیب میں وزارت جنگ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے وزارت جنگ کے باہر دھرنا دیتے ہوئے نتن یاہو حکو مت کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صہیونی کابینہ کو یرغمالیوں کے خاندان والوں کے ساتھ اجلاس رکھنا چاہئے تاکہ حماس کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور جنگ بندی کے حوالے سے مطلع ہوجائیں۔

مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں وزارت جنگ کے دفتر کے باہر سڑک بند کردی اور علاقے کی کاروباری سرگرمیاں معطل کردیں۔

یادر ہے کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال ہونے والے صہیونیوں کے خاندان والے گذشتہ کئی مہینوں سے اسرائیلی حکومت کے خلاف مسلسل احتجاج کررہے ہیں اور حماس کے ساتھ مذاکرات اور جنگ بندی کا مطالبہ کررہے ہیں۔