مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ غزہ میں صہیونی حکومت کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف انسانی حقوق کا دم بھرنے والے مغربی اداروں کی شرمناک خاموشی سے ان کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر انہوں نے لکھا ہے کہ غزہ کی جنگ نے امریکہ اور مغربی ممالک کے اصل چہرے سے پردہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ غزہ کی مجموعی آبادی 22 لاکھ ہے جس میں سے 19 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں 26 ہزار بے گناہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 18 ہزار خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
کنعانی نے لکھا ہے کہ صہیونی حکومت کے حامی اب دنیا میں سر اٹھاکر چلنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔