مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، المیادین نے کہا ہے کہ لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے لبنانی سرحد پر صہیونی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زرعیت قصبے میں حزب اللہ میزائل گرنے سے صہیونی فوجی تنصیبات کو نقصان ہوا ہے۔
حزب اللہ نے حملوں کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی فوج لبنان پر حملے کی تیاری کررہی تھی تاہم حزب اللہ کے جوانوں نے بروقت کاروائی کرکے دشمن کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے شدید نقصان سے دوچار کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق حزب اللہ کے حملوں میں کم از کم ایک صہیونی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ حزب اللہ کے میزائل حملوں کے بعد صہیونی بستی شومیرا اور جلیل علیا میں بھی خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔
دوسری طرف لبنانی سرحد اور غزہ کے اندر صہیونی فوج کو مسلسل شکست کے بعد تل ابیب کے ایوانوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ نتن یاہو کابینہ کے اجلاس میں اراکین کے درمیان تلخ کلامی اور الزامات کے ردوبدل کے بعد اجلاس ہنگامی کا شکار ہوگیا ہے۔
صہیونی میڈیا کے مطابق کابینہ کے اراکین ایک دوسرے پر چیخ رہے تھے۔ تلخی بڑھنے کے بعد وزیرجنگ یواو گیلانت نے اجلاس کو ترک کیا۔