یمنی تنظیم نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر حملے ختم ہونے تک بحیرہ احمر میں کشیدگی ختم نہیں ہوگی۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق یمنی تنظیم انصاراللہ کے رہنما محمد البخیتی نے کہا ہے کہ گذشتہ دنوں کاروائیوں کے دوران یمنی فوج نے اپنی طاقت کا خوب مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمنی فوج امریکی اور اسرائیلی فوج پر حملے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ غزہ میں گذشتہ جنگ بندی کی ایک وجہ سے یمنی فوج کے حملے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد دیگر ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ غزہ کے خلاف حملوں کو بند کروانا ہے۔

البخیتی نے کہا کہ ہم حقیقت پسند ہیں اور یمن میں مکمل امن اور صلح برقرار کرنے کے حامی ہیں۔ البتہ یمن میں صلح برقرار ہونے سے فلسطینی بھائیوں کے لئے ہماری حمایت میں کمی نہیں آئے گی۔

یمنی فوج نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں بحیرہ احمر میں اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والی کشتیوں پر حملے کئے ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں یمنی فوج نے باب المندب کے شمال میں ایک تجارتی کشتی پر حملہ کیا ہے۔

لیبلز