مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کو حماس کے مقابلے میں مزید طاقتور بنانے کی کوشش کررہے ہیں اس حوالے سے اسرائیل کی ہر طرح سے حمایت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سویلین کی حفاظت کے حوالے سے جنگی قوانین کی رعایت کرے۔ ہم غزہ سے صہیونی اسیروں کی رہائی کے لئے محدود جنگ بندی کے لئے کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ غزہ کے مخصوص علاقوں میں جز وقتی جنگ بندی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ قطر نے امریکی شہریوں کو غزہ سے نکالنے میں مدد کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قطر کی مدد سے اپنے شہریوں کے انخلاء اور غزہ میں امداد رسانی کے لئے کام کررہے ہیں۔ مشورے کے لئے اسرائیل جانے والے امریکی مشاور واپس آگئے ہیں۔
جان کربی نے کہا کہ ہم جمعہ کے روز حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کا خطاب سننے کے منتظر ہیں۔ نصراللہ اور دیگر کو ہمارا یہی پیغام ہے کہ جنگ کا دائرہ پھیلانے کی کوششوں سے باز رہیں۔ جنگ بندی اسرائیل کو اپنے دفاع کے حق سے نہیں روک سکتی ہے اور جھڑپوں میں وقفہ ہونے کا مطلب جنگ کا خاتمہ نہیں ہے۔