مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطینی ذرائع نے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے انتہائی شدید حملوں اور بعض علاقوں میں مواصلات اور انٹرنیٹ کے مکمل طور پر منقطع ہونے کی خبر دی ہے۔
شمالی غزہ میں مزاحمتی فورسز نے اسرائیلی ٹینکوں کو ناکارہ بنادیا
ایک ایسے وقت میں جب اسرائیلی توپ خانے نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بیت حانون اور غزہ کے جنوب میں خان یونس پر بے دریغ گولہ باری کی ہے تاکہ غزہ کی جانب زمینی نقل و حرکت شروع کی جا سکے فلسطینی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی ٹینک شمالی غزہ میں بیت حانون پر مزاحمتی فورسز کے ہاتھوں ناکارہ بنادئے گئے ہیں۔
فلسطینی شہاب نیوز ویب سائٹ کے مطابق شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمتی فورسز کی کامیاب حکمت عملی پر مبنی کارروائیوں کے سبب غاصب رجیم کے ٹینکوں کو بیت حانون اور برج کیمپ کی جانب پیش قدمی سے روک دیا گیا ہے۔
المیادین نیٹ ورک کے رپورٹر نے بھی بتایا ہے کہ مزاحمتی فورسز نے بیت حانون اور دیر الرج کی سمت سے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی صیہونی افواج کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
گذشتہ رات خبر رساں ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی کمانڈو دستوں نے غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت حانون محور سے اور غزہ کے مشرق میں بھی ان علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اس کوشش کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ قسام فورسز نے گھات لگا کر حملہ کیا اور شدید جھڑپیں ہوئیں۔
بعض عبرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ صہیونی اسپیشل فورس کا اپنے کمانڈ سینٹر سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور اس حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کے پکڑے جانے کی کچھ غیر مصدقہ خبریں شائع ہوئی ہیں۔
غزہ کی پٹی پر غاصب صہیونیوں کے بے سابقہ حملے/ انٹرنیٹ مکمل طور پر منقطع
شہاب نیوز ایجنسی نے غزہ میں صہیونی فوج کے حالیہ حملوں کی تصاویر شائع کی ہیں۔
جس کے مطابق صیہونی قابض فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ہیلی کاپٹر غزہ کی پٹی کے تمام علاقوں پر شدید اور بے دریغ حملے کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ قابض حکام نے غزہ کی پٹی کے بعض علاقوں میں مواصلات کو مکمل طور پر منقطع کر دیا۔
اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ غزہ کی پٹی جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک زمینی، سمندری اور فضا سے شدید ترین بمباری کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ کچھ تصاویر میں صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کو دکھایا گیا ہے۔
قسام کا زبردست جواب، صہیونی بستیوں پر میزائلوں کی بارش کر دی
غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں کے جواب میں مقبوضہ علاقوں پر میزائلوں کی بارش کر دی گئی اس دوران خوف کے مارے تل ابیب میں خطرے کا سائرن بج گیا۔
غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کے جواب میں قسام بٹالین نے مقبوضہ بیت المقدس کے شہروں تل ابیب، عسقلان، اشدود اور مقبوضہ فلسطین کے بعض مرکزی علاقوں کو بڑے پیمانے پر میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون نیٹ ورک کی مکمل بندش کی تصدیق کی ہے۔
دوسری طرف عبرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ قسام کا ایک راکٹ رام اللہ کے نواح میں رانتیس قصبے کے قریب صہیونی فوج کی تربیتی بیرکوں پر گرا۔
غزہ پر حملے میں اسرائیلی جنگی جہازوں کی شرکت
عبرانی اخبار معاریو نے خبر دی ہے کہ غزہ پر حالیہ حملوں میں صیہونی حکومت کے جنگی جہاز بھی حصہ لے رہے ہیں۔
رشون لیزیون کے مشرق میں 2 راکٹ گرے۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے اطلاع دی ہے کہ القسام کے 2 میزائل ریشون لیزون کے مشرق میں گرے جس میں متعدد صیہونی زخمی ہوئے ہیں۔
القسام میزائل حملے کے بعد تل ابیب کے جنوب میں واقع ہولون کی تصاویر
القسام میزائل حملے کے بعد تل ابیب میں خطرے کا سائرن
میڈیا نے قسام میزائل حملے کے بعد تل ابیب کی فضائی تصاویر شائع کیں۔
غزہ پر حملوں میں آج رات شدت آئے گی۔ صیہونی رجیم کا اعلان
صیہونی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ غاصب رجیم کی زمینی افواج آج رات غزہ پر اپنے حملے تیز کر دیں گی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہاگری نے بتایا کہ صیہونی زمینی افواج "آج رات اپنی کارروائیوں کو وسعت دیں گی"۔
بی بی سی کے مطابق اسی بنیاد پر اسرائیلی رجیم نے غزہ کے رہائشیوں کو جنوبی علاقوں سے نکل جانے کی تنبیہ کی تھی۔
غزہ کے نہتے لوگوں کا بڑے پیمانے پر قتل
بعض فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ گذشتہ ایک گھنٹے میں غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کی فوج کے حالیہ شدید اور بے سابقہ حملوں میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ ان ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ گلیوں میں لاشوں کے ڈھیر نظر آرہے ہیں۔
قابض اور جارح رجیم نے غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون نیٹ ورک کو مکمل طور پر منقطع کر رکھا ہے اور ایمبولینسوں کو زخمیوں تک امداد پہنچانے اور شہداء کی لاشوں کو منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔