مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع شعفاط کیمپ پر صہیونی جارح افواج نے دھاوا بول دیا اور فلسطینی بے گناہ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صہیونی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع شعفاط کیمپ پر بلااشتعال حملہ کیا اور موقع پر موجود فلسطینی نوجوانوں کو اپنی گاڑیوں میں ڈال کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے موقع صہیونی دہشت گردوں نے کیمپ کے اطراف میں آنسو گیس کے گولے بھی داغے اور فلسطینی مقاومت کی حمایت میں آویزاں بینرز کو بھی دیواروں سے نیچے اتارا۔

دراین اثناء مغربی کنارے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی اہلکاروں نے ایک چرواہے کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔

صہیونی جیلوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فلسطینی قیدی رائد بدوان کی حالت نازک ہوگئی ہے۔ حالات کو نازک رخ اختیار کرنے سے بچانے کے لئے جیل کی طرف مزید اہلکار بھیجے گئے  ہیں۔

فلسطینی اسیروں کی کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے  کہ مذکورہ فلسطینی قیدی کی صحت کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ ادارے کے مطابق صہیونی حکومت جون سے اب تک 290 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار شدگان میں سے 146 کو پہلی مرتبہ جب کہ 144 کو دوسری یا اس سے زیادہ مرتبہ گرفتار کیا جاچکا ہے۔