قم- مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ خاندان عصمت و طہارت کی خدمت رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی خدمت کے مترادف ہے، کہا کہ دین کے تمام بزرگوں کا فخر یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو امام رضا علیہ السّلام کا خادم سمجھتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین محمد حاجی ابوالقاسم نے قم المقدسہ میں ولادتِ باسعادت امام رضا علیہ السّلام کی مناسبت سے منعقدہ جشنِ میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے امام رضا (ع) اور حضرتِ معصومه (س) نمونۂ عمل ہیں اور آج ان ہستیوں کے برکات سے نہ صرف ایران بلکہ پوری دنیا فیضیاب ہو رہی ہے۔

انہوں نے حضرت معصومه سلام اللہ علیہا کو امام رضا علیہ السّلام کی پہلی، سب سے بڑی اور بہترین خادمہ قرار دیا اور آستانہ امام رضا علیہ السّلام کے خادموں سے مخاطب ہو کر کہا کہ خادم ہونے کی حیثیت سے آپ کا تعلق بھی حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام سے ہے اور جب خادم کا لفظ استعمال ہوتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ حرم کے اندر موجود خادموں سے مختلف ہیں، بلکہ جو بھی آٹھویں امام کے حرم سے متصل ہو کر ان کی یا ان کے زائرین کی خدمت کرے اسے امام علیہ السّلام کا ہی خادم سمجھا جائے گا۔

مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ خاندان عصمت و طہارت کی خدمت رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی خدمت کے مترادف ہے، کہا کہ دین کے تمام بزرگوں کا فخر یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو امام رضا علیہ السّلام کا خادم سمجھتے ہیں۔

حجت الاسلام حاجی ابوالقاسم نے مزید کہا کہ جب امام رضا علیہ السّلام کا حرم بیت اللہ ہے تو ان کا زائر بھی خدا کا زائر ہے اور جو بھی علی ابن موسی الرضا علیہ السّلام کے مبارک حرم کی زیارت کا شوق اور دلچسپی رکھتا ہے اسے امام کی زیارت کا ثواب ملے گا۔

انہوں نے حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام کے خادموں کو ایک سفارش کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ اطہار علیہم السلام کے حرم کے خادموں کو خدا کے نزدیک ایک خاص مقام حاصل ہے، لہٰذا اپنی قدر و منزلت کو جانیں۔