مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عشرۂ کرامت کی مناسبت سے امام رضا علیہ السّلام سے اظہارِ عقیدت کرنے کیلئے تہرانی عوام کا عظیم الشان اجتماع کل خراسان اسکوائر تہران میں منعقد ہوا۔
اس عظیم الشان اجتماع کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا، تلاوت قرآن مجید کا شرف قاری قرآن حامد شاکر نژاد نے حاصل کیا۔
اجتماع سے حجت الاسلام شہاب مرادی نے مختصر خطاب کیا اور ایرانی معروف منقبت خواں حضرات عبدالرضا ہلالی، محمد حسین پویانفر، محسن عراقی، محمد فصولی، امین قدیم اور سید محمد رضا نے بارگاہ امام رؤف میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب میں حجۃ الاسلام مرادی نے عشرۂ کرامت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں امام رضا علیہ السلام پر صلوات کو روزانہ کی بنیاد پر بھیجنا چاہیئے۔ ہم جہاں کہیں بھی ہوں، آئمہ علیہم السلام پر درود بھیجنے کو نہیں بھولنا چاہیئے اور صدق دل سے دلی رابطہ قائم کرنے کیلئے امام رضا علیہ السّلام کے صلواۃ خاصہ کا ورد کرتے رہنا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہمیشہ مشہد الرضا کے سفر کو اپنی زندگیوں کے اہم کاموں میں شامل کرنا چاہیئے اور ہر حال میں امام رؤف علیہ السلام کی زیارت کو جانا چاہیئے۔ اس عظیم اجتماع کا آغاز رات 8 بجے لوگوں، نوعمروں اور بچوں کی موجودگی میں ہوا اور اجتماع میں شریک زیادہ تر بچوں اور نوعمروں نے سر پر اماموں کے اسمائے گرامی سے مزین پٹیاں باندھے ہوئے تھے۔
خراسان اسکوائر کی طرف جانے والی تمام سڑکیں اور گلیاں، عاشقان اہل بیت علیہم السلام سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں اور ان سڑکوں کو ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔
تقریب کے آغاز میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے 86ویں بحریہ گروپ کے تین خاندانوں کو اعزاز سے نوازا گیا اور ایرانی بحریہ کے ترانہ گروپ نے اسلامی جمہوریہ ایران اور بحریہ کا ترانہ بھی پیش کیا۔عبدالرضا ہلالی نے ”عزیزم حسین“ ترانہ پیش کیا جبکہ محسن عراقی کی آواز میں "علی مولا علی مولا" نامی مشہور منقبت پیش کی گئی۔
شاہ چراغ حملے میں زندہ بچنے والے آرتین سرایداران اور اس کی بہن فاطمه سرایداران بھی اس پروگرام کے مہمانوں میں شامل تھے۔
پروگرام میں عبدالرضا ہلالی اور محمد حسین پویانفر نے ترانہ"عزیزم حسین 2" آرتین کے اعزاز میں پیش کیا جسے خراسان اسکوائر میں موجود بچوں نے خوب داد دی۔
واضح رہے کہ پروگرام کے منتظمین کی جانب سے موبائل فون کے کیمروں کی لائٹ آن کرنے کی فرمائش کے بعد، دلفریب مناظر دیکھنے کو ملے۔
یاد رہے کہ ان مذکورہ منفرد پروگراموں کے ساتھ موکب اور پذیرائی سٹیشنوں کا قیام، ثقافتی اشیاء کی نمائش اور بچوں کیلئے خصوصی سرگرمیاں بھی تھیں۔ اس کے علاوہ نجم الثاقب ترانہ گروپ کی مدح سرائی بھی اس عظیم اور منفرد اجتماع کی دیگر متنوع سرگرمیوں میں سے ایک تھی۔