مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے منگل کی سہ پہر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں حالیہ زلزلے کے دلخراش واقعے پر ترک حکومت اور قوم کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکیہ ایک دوسرے کے دوست اور بھائی ہیں اور ایرانی عوام اور حکومت اس مشکل وقت میں ترک حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران ترکیہ کی فوری امدادی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کے لیے آمادہ ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ترک حکومت کی کوششوں اور اقدامات سے عوام کی مشکلات اور تکلیفوں کا جلد از جلد ازالہ ہو جائے گا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے آیت اللہ رئیسی کی جانب سے خیر سگالی پر اظہار تشکر کیا اور ترک حکومت اور عوام کے ہمدردی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترکیہ میں گزشتہ 50 سالوں میں سب سے بڑا زلزلہ ہے۔
ترکیہ کے صدر نے امید ظاہر کی کہ وہ ابتدائی امدادی اور ہنگامی کاروائیوں کو جلد ہی مکمل کر لیں گے۔