مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے پیر کی شب ترکیہ کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے اس خوفناک زلزلے پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے زلزلے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
امیر عبداللہیان نے ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کی جانب سے ایرانی صدر کے حکم کے مطابق ترکیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے آمادگی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کی امدادی اور طبی ٹیمیں پیر کو رات گئے ترکیہ روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو امداد فراہم کی جا سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اس مشکل صورتحال میں ترک قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترک وزیر خارجہ چاوش اوغلو نے ترک عوام کے لیے ایران کی ہمدردی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور زلزلہ زدہ علاقوں میں لوگوں کی امداد کے لیے ایران کی پیشکش کو سراہا۔