صہیونی وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطینی نوجوان کی مقبوضہ بیت المقدس کے بیچوں بیچ استشہادی کارروائی حالیہ برسوں میں اسرائیل کے خلاف بدترین حملہ ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ غاصب صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک نوجوان فلسطینی کی استشہادی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے حالیہ برسوں میں اسرائیل کے خلاف بدترین حملے کا مشاہدہ کیا۔

خیال رہے کہ جمعہ کی شام 21 سالہ شہید "خیری علقم" نے جنین پناہ گزین کیمپ میں قابض صہیونی فوج کے تازہ ترین قتل عام کے جواب میں مقبوضہ بیت المقدس کے نافیہ محلے میں استشہادی کارروائی کرتے ہوئے 8 صہیونیوں کو ہلاک اور کم از کم 10 کو زخمی کردیا۔

بعض ذرائع ابلاغ نے ہلاک ہونے والے صہیونیوں کی تعداد 10 اور کم از کم 12 زخمی بتائی ہے۔ شہید علقم کے عظیم اور انتقامی آپریشن سے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے لوگوں میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی۔

یاد رہے کہ جمعرات کی صبح صہیونی فوجیوں نے جنین کیمپ اور دیگر مغربی علاقوں پر دھاوا بول کر ایک معمر خاتون سمیت کم از کم 10 فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا تھا۔

فلسطین کی اسلامی مقاومتی تحریک (حماس) نے مقبوضہ بیت المقدس میں شہید خیری علقم کی بہادرانہ کارروائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ آپریشن جنین میں صہیونی جرائم کے جواب میں کیا گیا۔ انہوں نے اس آپریشن کو مزاحمت کے زندہ ہونے اور صہیونی حکومت کو ان کے گھر میں منہ توڑ جواب دینے کے لیے مزاحمت کاروں کی تیاری اور طاقت کا ثبوت بھی قرار دیا تا کہ اس طرح غاصب صہیونی حکومت اپنی حماقتوں کی قیمت چکانی پڑے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق عزالدین نے بھی مقبوضہ بیت المقدس میں مقاومتی کارروائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاد اسلامی تحریک مقبوضہ بیت المقدس استشہادی کارروائی پر مبارکباد پیش کرتی ہے جو کہ جنین پر وحشیانہ حملے کے جواب میں صحیح وقت اور مقام پر انجام پائی۔

عزالدین نے تاکید کی کہ یہ آپریشن فلسطینی عوام اور مقدس مقامات کے خلاف قابضین کے جرائم کا ایک جائز اور فطری ردعمل ہے۔ یہ آپریشن دوستوں اور دشمنوں پر ثابت کرتا ہے کہ فلسطینی قوم اور مقاومت ہر میدان میں زندہ اور موجود ہے اور قابضین کو مناسب سزا دیے بغیر نہتے فلسطینی قوم کے خلاف جرائم کو انجام دینے کی اجازت نہیں دے گی۔

غزہ میں تحریک مجاہدین نے بھی مقبوضہ بیت المقدس میں مقاومتی کارروائی پر مبارکباد پیش کی اور اسے صہیونیوں کی تمام جارحیتوں اور جرائم کے باوجود شہداء اور مقاومت کے راستے پر گامزن رہنے پر فلسطینی قوم کی تاکید کی علامت قرار دیا۔ جمعے کی شام پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین نے بھی اس آپریشن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے فلسطینی قوم کے دشمن کا مقابلہ کرنے اور صہیونی مجرموں کو سزا دینے کے عزم کا مظہر قرار دیا۔

عوامی مزاحمتی کمیٹیوں نے بھی قدس آپریشن کو صہیونی دشمن کے لیے ایک پیغام قرار دیا کہ مقاومت کسی صورت ناکام نہیں ہوگی اور کوئی بھی فلسطینی قوم کو منتشر نہیں کرسکتا اور نہ ہی اس کے مضبوط عزم کو توڑ سکتا ہے اور شہداء کا خون رایگاں نہیں جائے گا۔